ویب ڈیسک:امریکا سے تعلق رکھنے والی 92 سالہ کارمنڈیل اوریفائس معمر ترین ورکنگ ماڈل کے طور پر جانی جاتی ہیں
ہوا کچھ یوں تھا کہ بس میں سفر کے دوران 13 سالہ کارمنڈیل جو بیلے کلاس میں جارہی تھیں، ان کی ملاقات عالمی شہرت یافتہ فوٹو گرافر ہرمین لینڈشوف کی اہلیہ سے ہوئی جنہوں نے انہیں ماڈلنگ کی پیشکش کی۔
انکی آزمائشی تصاویر تو زیادہ کامیاب نہ ہوسکیں لیکن صرف دو برسوں میں فوٹوگرافر ایروین بلمفیلڈ کی فیوریٹ ماڈل بننے کے بعد ووگ میگزین نے انکی تصویر پہلی بار اپنے سرورک پر لگائی۔
گزشتہ سال 92 برس کی عمر میں کارمنڈیل کی تصویر ووگ چیکو سلواکیہ کی سرورک کی زینت بنی۔ اس مرتبہ یہ تصویر دنیا کی معمر ترین ماڈل کے طور پر لگی۔
جون 1931 میں نیویارک میں پیدا ہونے والی کامنڈیل کا بچپن آسودہ حالی میں نہیں گزرا، اپنے لڑکپن میں کم خوراکی کی وجہ سے وہ اس قدر کمزور تھیں کہ فوٹوگرافرز انکے ڈریس پر پن لگا کر کپڑوں کو ٹھہرانے کی کوشش کرتے تھے۔
گھر میں فون نہ ہونے کی وجہ سے ووگ میگزین انتظامیہ انہیں رنرز کو بھیج کر بلواتے۔ اس ماڈلنگ سے جو تھوڑی بہت آمدنی ہوتی اس سے بمشکل انکا گھر چلتا تھا، اسی وجہ سے وہ اور انکی والدہ سلائی کا کام کرکے گزارا کرتے تھے۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکا کہنا ہے کہ اپنی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے مرد و خواتین کو اپنا خیال رکھنے کے ساتھ خود سے محبت کرنا چاہیے، جیسا کہ آپ ایک بچے کو پالنے اور سکھانے کے دوران فیڈنگ سے لیکر ساری چیزیں کرتے ہیں۔