ایک نیوز: پنجاب حکومت نے چھوٹے بچوں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات میں ایک ہفتے کا مزید اضافہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی محسن نقوی نے پنجاب میں بچوں میں نمونیہ کے کیسوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں یکم جنوری سے 36 بچے نمونیہ سے جاں بحق ہوگئے۔ چلڈرن ہسپتال میں 10 میں سے 8 بچے نمونیہ کے مریض ہیں۔
وزیراعلی محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا ہنگامی دورہ کیا اور اعلی سطح کا اجلاس طلب کیا۔ جس میں لاہور کے تمام ہسپتالوں کے پیڈز ہیڈز نے شرکت کی۔ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد نمونیہ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
جس کے تحت پنجاب بھر کے سکولوں میں 31 جنوری تک صبح کی اسمبلی پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ نرسری اور پلے گروپ کی کلاسز کیلئے 7 روز کی مزید تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔
دوران اجلاس محسن نقوی نے زور دیا کہ بچے ماسک کا استعمال کریں اور ہاتھ دھوئیں۔ گرم کپڑوں کا استعمال کیا جائے۔
ماہرین صحت کے مطابق سردی میں اضافہ کے ساتھ وائرل نمونیہ خصوصا بچوں میں بڑھ رہا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر۔ سیکرٹری صحت۔ سپیشل سیکرٹری صحت اور ماہرین صحت و سینئر ڈاکٹرز نے تجاویز دیں۔