ایک نیوز: عام انتخابات کی تیاریوں کو بڑا دھچکا۔ نادرا کی جانب سے تیار کی جانے والی انتخابی فہرستوں میں خامیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ نادرا کی جانب سے 4 اضلاع میں خواتین کے نام مردوں میں اور مردوں کے نام خواتین کی انتخابی فہرستوں میں شامل کر دیے گئے۔
الیکشن کمیشن نے نادرا کو انتخابی فہرستوں میں خامیاں دور کرنے کی ہدایت کردی۔ نادرا کی جانب سے کئی شہروں میں خواتین اور مرد ووٹرز کے تصویری الیکٹورل رول میں غلطیاں سامنے آئی ہیں۔
شمالی وزیرستان، اورکزئی، ٹنڈو اللہ یار اور کوئٹہ میں الیکٹورل رول میں خواتین ووٹرز کو مردوں جبکہ مرد ووٹرز کو خواتین ووٹرز کے الیکٹورل رول میں شامل کر دیا گیا ہے۔ نادرا کی جانب سے خواتین کو مرد ووٹرز کی انتخابی فہرست میں اندراج کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انتخابی فہرستوں میں غلط اندراج سے ووٹرز کو انتخابی عمل میں مسائل پیش آ سکتے ہیں۔ تصحیح نہ ہونے کی صورت میں مرد ووٹرز خواتین ووٹرز کے ساتھ ووٹ کاسٹ کریں گے جبکہ خواتین ووٹرز کو مردوں کے ساتھ ووٹ کاسٹ کرنا ہو گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے نادرا کو انتخابی فہرستوں کو درست کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔