ایک نیوز: انتخابات قریب آتے ہی مودی سرکار کی سستی شہرت کے ہتھکنڈوں میں اضافہ ہوگیا۔ سابق بھارتی ہائی کمشنر نے پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو بھی بھونڈے طریقے سے مودی کی کامیابی قرار دے دیا۔
حیران کن طور پر اجے بساریا کئی سال خاموش رہنے کے بعد اچانک نمودار ہو کر مودی پروپیگنڈا کا آلہ کار بن گیا۔ اجے بساریہ نے پروپیگنڈا کرتے ہوئے بیان داغا کہ ابھینندن کی پاکستان میں گرفتاری کے بعد مودی سرکار نے پاکستان پر 9 میزائل داغنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ پاکستانی وزیراعظم نے مودی کو بارہا کالیں کیں لیکن مودی نے جواب نہ دیا۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق بھارتی پروپیگنڈے کا مقصد آنے والے انتخابات ہیں۔ دفاعی ماہرین کی رائے میں جس فوج نے دن دیہاڑے بھارت میں گھس کر اسکے دو جہاز مار گرائے ہوں اسکا ڈر کے مارے ابھینندن کی رہائی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ پاکستان نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھارتی قیدی کو رہا کیا تھا۔
مودی سرکار ماضی میں بھی جھوٹے دعوے کر چکی ہے جن کو عالمی میڈیا اور ماہرین بے نقاب کر چکے ہیں۔ بھارت نے اپنے حملے میں 3 سو دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا لیکن الجزیرہ کی رپورٹ نے بھارتی بم کھلی جگہ پر گرنے کا انکشاف کیا۔
آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے بعد بھارت نے پاکستانی ایف سولہ مار گرانے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا۔ جھوٹے بھارتی دعوے کو پینٹاگون، کرسٹین فیئر اور کئی بھارتی دفاعی تجزیہ نگاروں نے بھی جھٹلایا۔
ماہرین کے مطابق بھارت کے رات کی تاریکی میں حملے کا پاکستان نے دن کی روشنی میں جواب دیا۔ بھارت نے کھلے علاقے میں بم گرائے لیکن دعویٰ دہشتگردوں کے کیمپ پر اسٹرائیک کا کیا۔ بھارتی حملے کے برعکس پاکستان کا جواب کرارا، نپا تلا اور دعوے کے عین مطابق تھا۔
مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیا پال ملک، کانگریس رہنما راہول گاندھی اور کئی دیگر رہنما اور صحافی پلوامہ حملے کے جعلی ہونے کا انکشاف کر چکے ہیں۔ پرشانت بھوشن، ممتا بنرجی اور رویش کمار بھی پلوامہ ڈرامے کا الزام مودی سرکار پر لگا چکے ہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ حالیہ ڈرامے اور رام مندر کی بڑے پیمانے پر افتتاحی تقریب کا مقصد انتخابات سے قبل مذہبی اور پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر ووٹ حاصل کرنا ہے۔