ایک نیوز: وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں پر پیشرفت کا مشاہدہ کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بیسمنٹ کے لینٹر کی کوالٹی کو چیک کیا اور گراؤنڈ فلور کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی فنکشنل ہونے سے پی آئی سی پر مریضوں کا لوڈ کم ہوگا۔ لاہور جیسے بڑے شہر میں دل کے مریضوں کے لئے ایک نئے ہسپتال کی ضرورت بڑے عرصے سے تھی۔
نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 54کنال اراضی پر بنایاجارہاہے۔ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 256 بستروں پر مشتمل ہوگا۔ ایک پارکنگ پلازہ بھی بنانے کا منصوبہ بنایا گیاہے۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، سیکرٹری صحت،کمشنر لاہورڈویژن،سی سی پی او،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج، ایم ایس جناح ہسپتال اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو د تھے۔