ایک نیوز: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دہشتگردوں کے چیک پوسٹ پر حملے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد مارے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے منگل کو رات گئے انڈس ہائی وے لاچی ٹول پلازہ اور قریبی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
رات گئے کیے گئے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔
حملے میں مارے جانے والے اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل امجد، ہیڈ کانسٹیبل جنید اور کانسٹیبل وقار کے نام سے ہوئی جبکہ لکی مروت کا رہائشی عام شہری نور محمد بھی حملے میں زخمی ہونے کے بعد چل بسے۔
منگل کو کوہاٹ سے ملحق ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے پولیو ٹیم کے تحفظ پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا تھا۔ واقعے میں دو اہلکار مارے گئے تھے۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں دہشت گردوں کے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔