پاک قطر مشترکہ فضائی مشقیں ''زلزال II'' کا قطر میں آغاز

Jan 10, 2024 | 11:18 AM

ایک نیوز: ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک-قطر مشترکہ فضائی مشقیں "زلزال- II" کا قطر میں آغاز ہوگیا ہے۔ قطر میں منعقدہ مشترکہ فضائی مشق زلزال- II، میں پاک فضائیہ اور قطر امیری فضائیہ نے شرکت کی ہے۔  

سنہ 2020ء میں شروع ہونے والی فضائی مشق زلزال -II قطر کی میزبانی میں منعقدہ دوسری فضائی مشق ہے۔ زلزال-II دنیا کی پیچیدہ ترین مشترکہ فضائی مشقوں میں سے ایک ہے۔ 

فضائی مشق زلزال-II سے دونوں اتحادی ممالک کے مابین مشترکہ تربیت اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جاسکے گا۔ مشق زلزال-II حقیقت پسندانہ فضائی جنگی منظر نامے کی عکاسی کرتے ہوئے شریک فضائی افواج کو اپنی آپریشنل تیاریوں کو حقیقی بنیادوں پر جانچنے کا موقع فراہم کرے گی۔ 

مشق، کا مقصد مشترکہ منصوبہ بندی کے طریقہ کار کو عصر حاضر کے عسکری تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مزید بہتر بنانا ہے۔ مشق کو دونوں برادر ممالک کے  مابین موجود، دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں بھی تاریخی اہمیت حاصل ہے۔

مشق میں پاک فضائیہ کے جدید ترین جے-10سی لڑاکا طیارے پہلی بار ایک فضائی مشق میں قطر امیری فضائیہ کے یورو فائٹر طیاروں کے مدمقابل اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ 

پاک فضائیہ کی جانب سے قلیل مدت میں جے-10 سی لڑاکا طیاروں کی شمولیت، انکی آپریشنلائزیشن اور ایک اور بین الاقوامی فضائی مشق میں انکی شرکت، ایک قابل ذکر کامیابی ہے۔ پاک فضائیہ کی یہ کامیابی سربراہ پاک فضائیہ کے پاک فضائیہ کوجدت سے ہم کنار کرنے کے وژن کا عملی ثبوت ہے۔

دوست ممالک سے جدید ٹیکنالوجی کی ترسیل اور خود انحصاری کے فروغ جیسے تصورات سربراہ پاک فضائیہ کے وژن کا خاصہ ہے۔ فضائی مشقوں میں ان لڑاکا طیاروں کی شرکت پاک فضائیہ کے تکنیکی طور پر ترقی یافتہ اور ایک مستحکم فضائیہ کی جانب سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ جدید لڑاکا طیاروں کا بروقت حصول اور آپریشنلائیزیشن پاک فضائیہ کی جانب سے اپنی جدید ترین فضائی قوت کو برقرار رکھنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 

پاک فضائیہ ہما وقت تغیر پذیر چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور انتہائی مہارت کے ساتھ پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ مشق زلزال-II پاک-قطر فضائی افواج کے مابین وسیع باہمی فہم، تعاون اور دوستی کے فروغ  کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ 

مشق دونوں ممالک کو علاقائی استحکام اور سلامتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔ پاک فضائیہ کی جانب سے فضائی سرحدوں کے  دفاع، بین الاقوامی اتحاد کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے ذریعے پیام امن کے فروغ کا مشن جاری رکھا ہوا ہے۔

مزیدخبریں