ایک نیوز: ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ پنجاب ، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند، سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر لاہور میں کڑاکے کی سردی نے شہریوں کو ٹھرنے پر مجبور کر دیا، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی مزید شدت اختیار کرنے لگی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ 14ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ملک بھر میں اے کیو آئی کے اعتبار سے لاہور 199 کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ یوایس قونصلیٹ 335 , سید مراتب علی روڈ 306 ، فیز 8 ڈی ایچ اے 258 ، جوہر ٹاؤن 185, اے کیو آئی کی شرح ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 95فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کے حساب سے چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، کشمیر میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ اسی طرح سندھ اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کردیا ہے اور کہا ہے کہ شہر اس وقت موسم سرد اور خشک ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 26 ڈگری جانے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرق سے ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے،شمال شمال مشرق کی جانب سے11 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 38 فیصد ہے،شہر کی فضا میں آلودگی کی شرح میں کمی ہوئی۔
ائیر کوالٹی انڈکس کے مطابق پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی چھٹے نمبر پر آگیا،دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی میں کراچی پندرہویں نمبر پرموجود ہے،ہوا میں آلودہ زرات کی مقدار 162 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے،سو سے دوسو پرٹیکیولیٹ میٹرز انسانی صحت کےلیے مضر ہے۔دو سو سے تین سو پرٹیکیولیٹ میٹرز انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں،باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ سکردو منفی 8۔ گلگت منفی 5۔ استور منفی4۔ دیر منفی 3۔ ہنزہ اور راولا کوٹ میں منفی2 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور موٹروے M-2 اسلام آباد سے کوٹ مومن تک دُھند کی شدت میں کمی کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہےجبکہ موٹروے ایم 1 پشاور سے برہان تک اور سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان سے اسماعیلہ تک جبکہ موٹر وے ایم 14 فتح جنگ انٹرچینج سے یارک تک شدید دُھندکے باعث بدستور ہرقسم کی ٹریفک کے لیے ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت ہے،شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کہ اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے اغاز سے پہلے اپنے منزل مقصود تک پہنچ جائیں،گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں،سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔اس کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔