ویب ڈیسک: امریکہ میں خودکشی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگااس حوالے سے اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی سرزمین کے مقامی باشندوں اور سفید فام مردوں میں خودکشی کی شرح میں تیزی سے اضافہ سامنے آیا ہے۔امریکہ کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) کے نئے اعداد و شمار کے مطابق ریڈ انڈیئنز خواتین میں خودکشی کی شرح میں 65 فیصد، مردوں میں 35 فیصد جبکہ سفید فام مردوں میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
امریکہ میں خودکشی کے طریقوں میں اسلحے کا استعمال اور پھانسی تمام گروپس میں سب سے عام طریقہ تھا اور اس کے علاوہ اعداد و شمار نے ریڈ انڈیئن خواتین میں پھانسی کے واقعات میں تقریباً 200 فیصد اضافے کا بھی اظہار کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں خودکشی کی روک تھام کی حکمت عملی مختلف نسلوں کے حساب سے آبادی میں لاگو کی جانی چاہیے۔
جاپان کے شہر ٹوکیو میں واسیڈا یونیورسٹی کے ڈاکٹر اور مذکورہ بالا تحقیق کے سرکردہ محقق ڈاکٹر بیبا دھنگل نے کہا کہ نتائج ریڈ انڈیئنز آبادی میں ذہنی صحت کے مسائل کے فوری حل پر زور دیتے ہیں۔ یہ کمیونٹی پر مبنی خودکشی کی روک تھام کی حکمت عملیوں کو نافذ کرنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہیں۔