سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات کی فہرست جاری

Jan 10, 2024 | 00:22 AM

ویب ڈیسک:الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات کی فہرست ریٹرننگ  افسران (آر اوز) کو بھجوادی ہے۔
الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ریٹرننگ افسران کو مراسلہ بھجوایا ہے جس  میں 145 سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات کی فہرست ریٹرننگ افسران کو بھجوائی ہے، اس میں تحریک انصاف کا انتخابی نشان شامل نہیں ہے۔
تحریک انصاف سمیت 12 سے زائد سیاسی جماعتوں کا نام انتخابی نشانات والی فہرست میں نہیں ہے، ان سیاسی جماعتوں کے نشانات انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانےکے باعث روکےگئے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کو تیر، پاکستان مسلم لیگ ن کو شیرکا نشان الاٹ کیا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کو بلے باز کا نشان الاٹ ہوا ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کو عقاب کا نشان ملا ہے، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو پتنگ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے، جمعیت علماء اسلام پاکستان کو کتاب کا نشان الاٹ ہوا ہے،  جماعت اسلامی پاکستان کو ترازو کا نشان ملا ہے۔
مراسلے میں الیکشن کمیشن نےکہا ہےکہ سیاسی جماعتوں کے نامزد امیدوارکو متعلقہ انتخابی نشان الاٹ کیا جائے،  سیاسی جماعتوں کےانتخابی نشانات کسی آزاد امیدوار کو نہ دیے جائیں۔
ریٹرننگ افسران کو آزاد امیدواروں کے لیے الگ انتخابی نشانات کی فہرست بھجوائی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہےکہ فہرست میں موجود نشانات کے علاوہ انتخابی نشان امیدوار کو  نہ  دیے جائیں۔

مزیدخبریں