ایک نیوز: یورپی یونین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گذشتہ 8 سال عالمی سطح پر گرم ترین سال ریکارڈ ہوئے، جبکہ سال 2022 ریکارڈ میں پانچواں گرم ترین سال رہا۔
یورپ میں 2022 ریکارڈ میں اب تک کا دوسرا گرم ترین سال تھا، عالمی سطح پر 1880 سے رکھے جانے والے موسمیاتی ریکارڈ میں 2016 اور 2020 دنیا کے گرم ترین سال رہے ہیں۔
عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لینے والی یورپی یونین کلائمٹ سروس کوپرنیکس کی سالانہ رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس پاکستان اور شمالی بھارت موسم بہار میں 40 سے زیادہ درجہ حرارت کے باعث ہیٹ ویو کا شکار رہے۔
پاکستان میں ہیٹ ویو کے بعد سیلاب آیا جس نے ملک کے ایک تہائی حصے کو ڈبو دیا، 2022 میں فرانس، برطانیہ، اسپین اور اٹلی میں اوسط درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔
گزشتہ 30 سالوں میں یورپی درجہ حرارت میں عالمی اوسط کے مقابلے میں دُگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، یورپ میں درجہ حرارت میں اضافہ کسی بھی براعظم میں اضافے کی بلند ترین شرح ہے۔
مشرق وسطیٰ، چین، وسطی ایشیا، شمالی افریقا میں بھی گذشتہ سال غیر معمولی حدت دیکھنے میں آئی۔