رانا ثنا اللہ پر جوتا پھینکنے والے شخص کی پٹائی

Jan 10, 2023 | 21:53 PM

ایک نیوز :وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ بھی اپنی گاڑی پر جوتا پھینکنے کے واقعہ پر بول پڑے ،ان کے مطابق موقع پرلوگ تھے انہوں نے جوتا پھینکنے والے شخص کی خوب مرمت کی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ راناثنا اللہ نے بتایا کہ میری گاڑی پر جوتا پھینکے جانے کا مجھے علم نہیں، مجھے تو بعد میں بتایا گیاکہ تحریک انصاف کے ممبر پنجاب اسمبلی کے ڈرائیور نے جوتا پھینکا۔

انہوں نے کہا کہ جوتا پھینکنے والے شخص کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کروں گا، وزیر داخلہ کے ساتھ مسلم لیگ (ن) پنجاب کا صدر بھی ہوں اور پارلیمانی پارٹی کے معاملات دیکھنا بھی ذمہ داری ہے۔

تحریک عدم اعتماد پر وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے پاس ممبران نہیں اور انہیں ہر صورت اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، عدالت کے اسٹے پر انہوں نے 12 دنوں میں اربوں کی لوٹ مار کی، اگر اعتماد کا ووٹ نہیں لیتے تو نئے چیف منسٹر کا الیکشن ہوگا۔

عمران خان کی نااہلی سے متعلق انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم کے نااہل ہونے کے امکانات 99 فیصد ہیں، ان کی گرفتاری کی ضرورت نہیں، عدالت میں عمران خان کے خلاف کیسز ثابت ہو چکے، انہیں وہاں سے سزا ہوگی۔

مزیدخبریں