پی ٹی آئی کے پاس نمبر پورے نہیں، گورنر راج کا امکان ہے، راناثناءاللہ

Jan 10, 2023 | 17:11 PM

ایک نیوز: وفاقی وزیرداخلہ راناثناءاللہ نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس نمبر گیم مکمل نہیں۔ اس لیے پنجاب میں گورنر راج کا امکان موجود ہے۔ 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو  کے دوران رانا ثنااللہ نے جنیوا کانفرنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا شہباز شریف کی اپیل پر پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کی توقعات پوری ہوئیں اور  دنیا نے توقعات سے بڑھ کرمدد کی۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 11 ارب ڈالر کی مدد ہوچکی ہے جس میں مزید اضافہ ہوگا، دنیا کی مدد پاکستان  اور اتحادی حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے، یہ اعتماد ان کے منہ پر طمانچہ ہے جو کہتے تھے پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ  یہ امداد ہے، قرض نہیں ہے، یہ امداد عمران خان کی تباہی سے ملک کو نکالنے میں مدد کرے گی جس سے ڈالر سستا ہوگا، مہنگائی کم ہوگی اور لوگوں کی ناراضی ختم ہوگی۔

رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمرانی ٹولے نے ملک کی معیشت کا برا حال کیا، پرویز الٰہی اس وقت مسلط ہیں، دو تین ماہ میں پنجاب کو اس طرح لوٹا کہ اس کی مثال نہیں ملتی، لوٹ مار میں عمرانی ٹولہ ، پرویز الٰہی اور ان کا برخوردار شامل ہے۔

انہوں نے پرویز الٰہی اور عمران خان کو ڈالر مہنگا ہونے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے ڈالر خرید کر بیرون ملک اسمگل کیا، ڈالر مہنگے ہونے کے ذمہ دار یہ ہیں، ان لوگوں نے منی لانڈرنگ کی، مہنگائی کے ذمہ دار یہ ہیں، مونس الٰہی واپس آئیں اور بات کا جواب دیں۔

پنجاب اسمبلی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کل چور آپس میں دست و گریبان ہوئے ہیں، ان کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہوگا،  ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہمارے نمبر 186 ہیں، ہمارے نمبر 179 ہیں، اسمبلی آنے سے روکنا غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام ہوگا، انہیں اعتماد کا ووٹ ہر قیمت پر لینا پڑے گا، غیر قانونی عمل کرتے ہیں تو خود ہی خسارے میں رہیں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس نمبر پورے نہیں ہیں، اس صورتحال میں گورنر راج کا بھی امکان پیدا ہوگیا ہے، عمران خان کہتا ہےکہ الیکشن کراؤ، الیکشن الیکشن کی رٹ لگا رہا ہے، اگر عمران خان  الیکشن میں کامیاب ہوا تو ملک میں تباہی ہوگی ہو انتقامی کارروائیاں کرے گا جو ساڑھے چار سال کیا وہی کرے گا،  الیکشن میں ناکام ہوگا تو رزلٹ تسلیم نہیں کرے گا، گند کرے گا،ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں معاشی استحکام پیدا کیا جائے۔

مزیدخبریں