ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے نمبر گیم مکمل ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اعتماد کا ووٹ لینے سے بھاگ رہے ہیں۔ کل حکومتی اتحاد کے 140 ممبران ایوان میں آئے۔ پنجاب اسمبلی میں ہمارے ممبران پورے ہیں۔
عمران خان نے کہا پنجاب میں اربوں کی کرپشن ہوئی ہمارا ووٹ بینک کم ہوا۔ کل پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد ممبر آخری وقت تک اسمبلی آتے رہے۔ وقار وڑائچ کو نکال کر ہمارے ارکان کی تعداد 189 ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پورا زور لگالیں تو ان کی تعداد 165 سے اوپر نہیں جائے گی۔ یہ لوگ کل بھی 164 کی تعداد پوری نہیں کرسکے۔ یہ گنتی کرالیتے تو واضح ہوجاتا کل بھی ہمارے 20 ممبران زیادہ تھے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے ماسٹر پلان پر حکم امتناع جاری کردیا ہے۔ ایسے کون سےمحرکات ہیں کہ لاہور کا ماسٹر پلان عجلت میں منظور کرایا گیا؟ لاہور میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیلئے گرین ایریا کو براؤن کیا جارہا ہے۔ لاہور کے 96 کلومیٹر کے علاقے کو گرین سے براؤن کیا گیا۔