ایک نیوز: پی ٹی آئی کے ناراض رکن اور سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے دعویٰ کیا ہے کہ اسمبلیاں نہیں ٹوٹیں گی۔ کیونکہ پرویز الہٰی اور صوبائی وزراء عہدہ نہیں چھوڑنا چاہتے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری سرور کا کہنا تھا کہ دوستوں کے ساتھ سیاست میں رہنے یا نہ رہنے پر مشاورت ہورہی ہے۔ تاہم نئی سیاسی جماعت بنانے کی خبریں میڈیا پر ہی دیکھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے پاس اعتماد کے ووٹ کیلئے نمبرز پورے نہیں، اسمبلیاں نہیں ٹوٹیں گی، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، پرویز الٰہی خود بھی اسمبلی تحلیل نہیں کرنا چاہتے بلکہ وزیراعلیٰ رہنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کے صوبائی وزراء بھی عہدہ نہیں چھوڑنا چاہتے۔
چوہدری سرور کہتے ہیں کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ضرورت کے مطابق فنڈز دینے کا فیصلہ کیا تھا، عمران خان سے میری انڈراسٹینڈنگ ٹھیک نہیں ہوسکی تھی، ایک ہفتے تعلقات ٹھیک دوسرے ہفتے خراب ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن کے حوالے سے عمران خان کو جھوٹ بتایا جاتا تھا، پی ٹی آئی کو کہتا ہوں اپنی فوج کو متنازع نہ بنائیں۔