فیصل آباد: دوران ڈکیتی 2 خواتین سے مبینہ زیادتی

فیصل آباد: دوران ڈکیتی 2 خواتین سے مبینہ زیادتی
کیپشن: Faisalabad: Alleged rape of 2 women during robbery(file photo)

ایک نیوز: فیصل آباد میں دوران ڈکیتی 2 خواتین سے مبینہ زیادتی کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دیدی ہے جبکہ ایک مشتبہ ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فیصل آباد کے نواحی گاؤں 242 رب میں ڈکیتی کے دوران دو خواتین سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا، 6 نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف  تھانہ روشن والا میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق بارہ روز قبل مقامی زمیندار کے ڈیرے پر رہائش پذیر مزارعے اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ ڈکیتی کی واردات پیش آئی تھی اس دوران ملزمان نے دو خواتین کو  بھی مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ خاندان نے ابتدا میں چار ملزمان کے خلاف ڈکیتی کے الزام کی درخواست دی تھی جس پر مقدمہ درج ہوا بعد میں متاثرہ خاندان نے دو خواتین سے زیادتی کا الزام لگایا جس پر زیادتی کی دفعات بھی مقدمے میں شامل کرلی گئی اور متاثرہ خواتین کا میڈیکل بھی کروایا گیا۔

پولیس کے مطابق خواتین کی میڈیکل رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئیں تاہم متاثرہ خاندان کے شبہ ظاہر کرنے پر ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے  جبکہ واقعے کی تفتیش کیلئے سی پی او کی جانب سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔