روہڑی: پاک بزنس ایکسپریس پٹڑی سے اترگئی، ٹرینوں کی آمدورفت متاثر

روہڑی: پاک بزنس ایکسپریس پٹڑی سے اترگئی، ٹرینوں کی آمدورفت متاثر
کیپشن: Rohri: Pak Business Express derailed, train traffic affected(file photo)

ایک نیوز: پاکستان ریلویز کی مسافر ٹرین کو ایک اور حادثہ پیش آگیا۔ مسافر ٹرین ٹریک سے اتر گئی۔ جس سے ٹرینوں کی آمدورفت بھی بری طرح متاثر ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب پاک بزنس ایکسپریس کو حادثہ پیش آگیا، ریل کی ایک بوگی پٹڑی سے اتر گئی جس کے باعث کراچی سے لاہور جانے والا اپ ٹریک بلاک ہوگیا، ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی پاک بزنس ایکسپریس کی ایک بوگی اچانک موڑ کاٹتے ہوئے پٹڑی سے اتر گئی جس کی وجہ سے اپ ریلوے لائن بلاک ہوگئی۔

حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع پر ریلوے کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کاروائیاں شروع کردی گئیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اپ ٹریک بلاک ہونے کے باعث تیزگام، فرید ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور علامہ اقبال ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا تھا، تاہم حادثے کا شکار پاک بزنس ایکسپریس کو متبادل بوگی لگا کر لاہور روانہ کر دیا گیا ہے۔

نصف شب کو ایک بوگی ٹریک سے اترنے کے سبب تقریباً ساڑھے تین گھنٹے اپ ٹریک معطل رہنے کے بعد بحال کردیا گیا ہے، حادثے کی وجہ معلوم نہ کی جاسکی، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔