ویب ڈیسک : پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی کی ایک اور سیٹ مل گئی ،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 253سے آزاد امیدوار مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق میاں محمد خان بگٹی نے نوازشریف اور شہبازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ میاں محمد خان بگٹی این اے 253 کوہلو، ہرنائی، ڈیرہ بگٹی کے حلقے سے 46 ہزار 683 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے میاں محمد خان بگٹی کو ٹیلی فون کیا اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اوران کا شکریہ بھی ادا کیا۔
میاں محمد خان بگٹی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ شامل ہورہا ہوں، میں محمد نوازشریف اور شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں نے پہلے بھی کوشش کی تھی ، مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ نہیں ملا تھا، آزاد جیت کر اب مسلم لیگ (ن) میں شامل ہورہا ہوں، میں اپنے حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔