ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد شعیب شاہین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 کا نتیجہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شعیب شاہین نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔
شعیب شاہین کی میڈیا ٹاک
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ آج میں نے اور علی بخاری نے درخواست دائر کر دی ہے، رجسٹرار آفس سے ہم نے آج ہی سماعت مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ ہماری درخواست ہے چیف جسٹس سے کہ کیس کو فوری سنا جائے، پورے اسلام آباد کو پتہ ہے میرا حلقہ این اے 47 ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس فارم 47 موجود ہے، ہم بھاری اکثریت سے یہ الیکشن جیتے ہیں، ریٹرننگ آفیسرز پر پریشر ڈالا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ این اے 47 اسلام آباد 2 کی نشست کے تمام 387 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے طارق فضل چودھری 102502 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ یہاں سے آزاد امیدوار محمد شعیب شاہین 86396 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔