ویب ڈیسک:امریکی صدرجوبائیڈن کاخفیہ دستاویزات افشاکرنےکےمعاملےپرتحقیقاتی رپورٹ منظرعام پرآگئی۔
تفصیلات کےمطابق امریکی صدرجوبائیڈن کے خلاف خفیہ دستاویزات کے معاملے پر اسپیشل کونسل کی تحقیقاتی رپورٹ سامنےآگئی ہے۔
345 صفحات پر مبنی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے جان بوجھ کر خفیہ دستاویزات افشا کی تھیں تاہم ان کی عمر اور یادداشت کے پیش نظر انہیں سزا نہیں ہو سکے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خفیہ دستاویزات کے معاملے میں جو بائیڈن کو سزا ملنا مشکل ہے کیونکہ وہ کمزور یادداشت والے ایک عمر رسیدہ شخص ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تحقیقات کے دوران ملنے والے شواہد ناکافی ہیں جس بنا پر بائیڈن کو انکی ضعیف العمری اور یادداشت کی کمزوری کی بنیاد پر سزا نہیں سنائی جا سکے گی۔
واضح رہے کہ ایک سال قبل امریکی صدر جو بائیڈن کے گھر سے خفیہ دستاویزات ملنے کے بعد ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا، خفیہ دستاویزات امریکی حکام کو واپس کردی گئی تھیں۔
جو بائیڈن کے گھر سے ملنے والی ’ٹاپ سیکرٹ‘ ٹیگ والی دستاویزات میں خارجی و عسکری پالیسی سمیت افغانستان سے متعلق اہم تفصیلات اور جو بائیڈن کی نوٹ بک بھی شامل تھی جس میں انہوں نے انٹیلی جنس ذرائع اور طریقہ کار سے متعلق نیشنل سکیورٹی پر نوٹس درج کیے ہوئے تھے۔
تحقیقات کے دوران جو بائیڈن سمیت173 افراد کے انٹرویوز کیے گئے جن میں 147 عینی شاہدین بھی شامل تھے۔
رپورٹ پر اپنے ردعمل میں وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے معاملے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیس میں ان پر کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا۔
بائیڈن کے وکلا کی جانب سے رپورٹ کے اجراکے بعد خصوصی کونسل کو ایک خط کے ذریعے بائیڈن کی یادداشت سے متعلق اپنے الفاظ پر نظرثانی کی درخواست کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کو بوڑھا اور کمزور یادداشت والا شخص قرار دینا بین الاقوامی سطح پر امریکا کے امیج کیلئے بھی فائدہ مند نہیں ہو گا۔
بائیڈن کاخفیہ دستاویزات افشاکرنےکامعاملہ،رپورٹ منظرعام پرآگئی
Feb 10, 2024 | 01:58 AM