ایک نیوز:کراچی میں بہو بیٹے کے ہاتھوں ستائی ڈیفنس کی خاتون عدالت پہنچ گئی،عدالت نے بیٹے اور بہو کے خلاف درخواست ترجیحی بنیادوں پر سننے کی استدعا منظور کرلی
کراچی میں 74 سالہ خاتون گھر سے بے دخل کئے جانے اور گھر پرمبینہ قبضے کے تنازع پر سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئی۔عدالت نے بیٹے اور بہو کے خلاف درخواست ترجیحی بنیادوں پر سننے کی استدعا منظور کرلی اور کیس کی سماعت 2ہفتے بعد مقرر کردی۔
عدالت نے بزرگ شہری کے باعث کیس کا فائل کور ریڈ کرنے کا حکم دے دیا۔
بزگ خاتون کے وکیل جی ایم کورائی ایڈووکیٹ نے سماعت کے بعد میڈیا کو بتایا خاتون کی بہو اور بیٹے میں ماں کو مارنے کے لئے مختلف حربے بھی استعمال کیے ۔میری موکلہ پر بہو نے 2بار حملہ کیا، بیٹا اور بہو ڈیفنس 5 فائیو میں واقع گھر پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، میری موکلہ ڈیفنس 5 کے گھر کی قانونی مالکن ہیں۔
وکیل کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے ماں کو سننے کے بعد بیٹے اور بہو کو گھر خالی کرنے کا حکم دیا، بیٹے اور بہو نے ڈی سی کے فیصلے کو سیشن عدالت میں چیلنج کیا، سیشن عدالت نے بیٹے اور بہو کے موقف کو رد کیا۔
وکیل جی ایم کورائی ایڈووکیٹ کاکہنا ہے کہ اب بیٹے اور بہو نے سیشن عدالت کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا، بیٹے کامران احمد اور بہو تہمینہ کا کیس مسترد کیا جائے، میری موکلہ بزرگ شہری ہے، ترجیحی بنیادوں پر کیس سنا جائے۔