ایک نیوز: پاکستان آرمی72گھنٹوں سے ترکیہ میں ریسکیو آپریشن میں مصروف عمل ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان آرمی کی ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں کے لئے سب سے پہلے ترکیہ پہنچی تھی۔ مشکل کی گھڑی میں پاکستان آرمی ترکیہ کے بہن بھائیوں کی امداد میں پیش پیش رہاہے۔ پاکستان آرمی کی یو ایس اے آر ٹیموں کا ترکیہ کے صوبے ادیامان میں 17مقامات پر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔ پاک آرمی کی ریسکیو ٹیموں نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ملبے تلے دبے 5 اور افراد کو زندہ بچا لیا جبکہ 41 مزید لاشیں ملبے سے نکال کر ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔اس کے علاوہ پاک آرمی نے ملبے تلے دبے 4 زندہ افراد کی نشاندہی بھی کی جنہیں لوکل ریسکیو ٹیموں نے بچا لیا۔
پاکستان آرمی کی ریسکیو ٹیمیں ترکیہ میں اپنی امدادی کارروائیاں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے اورترک عوام پاک فوج کی خدمات کے معترف ہیں۔
واضح رہے کہ زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے پاکستان کی ریسکیو ٹیم ترکیہ پہنچ گئی ہیں۔ امدادی کاموں میں مصروف ریسکیو آفیسر دیبا شہناز کا کہناہے کہ ترکیہ آتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کردیا تھا اور ان کی ٹیم نے ملبے تلے دبی ایک خاتون کو زندہ حالت میں نکال لیا تھا۔دیبا شہناز کا کہنا تھا کہ جہاں بھی انسانی زندگی کے آثار ہوتے ہیں وہاں پاکستانی ٹیم جدید آلات استعمال کرکے امدادی آپریشن کرتی ہے۔
دوسری جانب ترکیہ میں موجود پاکستانی شہری بھی امدادی کاموں میں پیش پیش ہیں جب کہ زلزلے کے مصیبت زدہ لوگوں کو مشکل وقت میں سہارا دینے کے لیے پاکستانی ریسکیو ٹیم دن رات کام کر رہی ہے۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-02-10/news-1676026094-6546.mp4