ایک نیوز: خیبر پختونخواہ اتھارٹی نے سیاحتی مقامات کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کے پی کے ٹورازم اتھارٹی نے صوبے کے سیاحتی مقامات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ جس کےمطابق ایک ماہ کے دوران 8 لاکھ 90 ہزار سے زائد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے برف پوش سیاحتی مقامات کا رخ کیا ہے۔ مالم جبہ میں ملکی 5 لاکھ 52 ہزار 785 اور غیر ملکی 17 سیاحوں نے سیر کی۔2 لاکھ 33 ہزار 666 ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے گلیات کا رخ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کاغان ناران میں 79 ہزار 548 سیاحوں نے برفباری کے مزے لوٹے ہیں۔ اس کے علاوہ اپر و لوئر چترال میں 23 ہزار 711 ملکی اور 31 غیر ملکی سیاحوں نے سیر کی ہے۔ ایک ہزار سے زائد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے اپر دیر کا رخ کیا ہے۔
ترجمان کے پی ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی سہولت کیلئے ٹورازم پولیس اور عملہ تمام سیاحتی مقامات پر تعینات ہے۔ ٹورازم پولیس کے جوان مختلف مقامات پر سیاحوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔