ایک نیوز: زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے پاکستان کی ریسکیو ٹیم ترکیہ پہنچ گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امدادی کاموں میں مصروف ریسکیو آفیسر دیبا شہناز کا کہناہے کہ ترکیہ آتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کردیا تھا اور ان کی ٹیم نے ملبے تلے دبی ایک خاتون کو زندہ حالت میں نکال لیا تھا۔
دیبا شہناز کا کہنا تھا کہ جہاں بھی انسانی زندگی کے آثار ہوتے ہیں وہاں پاکستانی ٹیم جدید آلات استعمال کرکے امدادی آپریشن کرتی ہے۔
دوسری جانب ترکیہ میں موجود پاکستانی شہری بھی امدادی کاموں میں پیش پیش ہیں جب کہ زلزلے کے مصیبت زدہ لوگوں کو مشکل وقت میں سہارا دینے کے لیے پاکستانی ریسکیو ٹیم دن رات کام کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ ترکیے اور شام میں زلزلے سےاموات کی تعداد 21ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
پاکستان ریسکیو کی 51 رکنی خصوصی ٹیم امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے ترکیہ روانہ ہوئی تھی۔ خصوصی ٹیم لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی۔ جس کی قیادت ڈاکٹر رضوان نصیر کررہے تھے۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق پاکستان سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم یو این سرٹیفائیڈ ہے۔ 51 رکنی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم انٹرنیشنل رسپانس کا حصہ تھے جسے خصوصی پرواز سے ترکیہ روانہ کیا گیا تھا۔ ریسکیو ٹیم سرچ، ٹیکنیکل ریسکیو، روپ ریسکیو، میڈیکل ٹیم، کمانڈ سپورٹ، کوآرڈینیشن و کمیونیکیشن اور لاجسٹک ٹیم پہ مشتمل تھی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھاکہ حکومت پاکستان کی ہدایات پر پی کے 707 خصوصی پرواز پاکستانی ریسکیو ٹیم اور ان کے 7 ٹن وزنی خصوصی آلات کو لے کر لاہور سے استنبول روانہ ہوئی تھی۔