لاہور ہائیکورٹ نے ججوں کیلئے پی ایس ایل فری ٹکٹوں کا خط واپس لے لیا

Feb 10, 2023 | 09:57 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: سینیئر ایڈیشنل رجسٹرار  لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے اعلی ججز  اور انکی فیملی کیلئے پی ایس ایل کے میچز کی ٹکٹ مانگنے کا خط واپس لے لیا گیاہے۔ 

رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے ملتان بینچ کی جانب سے لکھا گیا  خط کچھ دیر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا جس کے بعد سینیئر ایڈیشنل رجسٹرار نے پاسز مانگنے کا خط واپس لیکر دوسرا خط لکھ دیا ہے۔منیجر ملتان اسٹیڈیم کو لکھے گئے دوسرے خط میں سینیئر ایڈیشنل رجسٹرار نے لکھا کہ حکامِ بالا کے احکامات پر پاسز مانگنے کا خط واپس لیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ ملتان کے اعلیٰ ججز کیلئے پاکستان سپر لیگ کے وی آئی پی پاسز مانگے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔ سینیئر ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ، ملتان بینچ نے منیجر ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کو خط لکھا کہ ججز اور ان کے اہل خانہ پاکستان سپر لیگ میچز دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس لیے ان سے  افتتاحی تقریب کیلئے چیئرمین باکس مختص کیا جائے۔

سینیئر ایڈیشنل رجسٹرار  کی جانب سے منیجر ملتان اسٹیڈیم کو لکھے خط میں کہا گیا کہ مزید 30 وی آئی پی پاسز بھی دیے جائیں اور  اس کے علاوہ ملتان میں ہر میچ کے 25 وی آئی پی پاسز کا علیحدہ بندوبست کیا جائے۔ خط کے ذریعے گاڑیوں کے خصوصی پارکنگ اسٹیکرز بھی مانگے گئے ہیں۔

مزیدخبریں