ایک نیوز: آسٹریلوی حکومت نے محکمہ دفاع کے دفاتر میں سرویلینس مقاصد کیلئے نصب چینی ساختہ کیمروں میں استعمال کی گئی ٹیکنالوجی چیک کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلس کا کہنا تھا کہ محکمہ دفاع میں نصب چینی سرویلینس کیمروں پر سکیورٹی خدشات ہیں اور یہ ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ دفاع اور دیگر اہم مقامات پر نصب ان کیمروں میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کا جائزہ لے رہے ہیں، اور جہاں جہاں یہ نصب ہیں انہیں وہاں سے ہٹایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی اقدامات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں چینی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آسٹریلین حکومت چینی کمپنیوں کو بھی ’’سازگار ماحول‘‘ مہیا کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں برطانوی حکومت نے سکیورٹی خدشات کا جواز بتا کر اپنے سرکاری محکموں کو حساس مقامات سے چینی ساختہ کیمرے ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے جبکہ امریکا کی جانب سے بھی کچھ چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی مصنوعات اور وینڈرز پر پابندی عائد کی گئی تھی۔