ایک نیوز: وزیر اعظم محمد شہبا ز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے ۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم شہبازشریف کا انسانی حقوق کے عالمی دن کی حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کا دن منایا جا رہا ہے،1400سال پہلے نبی پاک ﷺ نے انسانی حقوق کا درس دیا ، 1948میں انسانی حقوق کے حوالے سے یونیورسل ڈیکلریشن بنا، پسے ہوئے طبقے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں، ہمیں رنگ ونسل اور ذات پات سے بالاتر ہو کر آگے بڑھنا ہوگا، اسلام میں انسانی حقوق اور مساوات کی بات کی گئی، تمام انسان آزاد پیدا ہوئے ہیں، ہمیں عبادت سمجھ کر اس مشن کو لے کر چلنا ہے، بانی پاکستان نے اپنے ابتدائی خطاب میں انسانی حقوق کی وضاحت کی۔
وزیراعظم نے کہا قومی سطح پر اہداف کے حصول کے لئے کام ہو رہا ہے، تمام صوبوں،آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، پاکستان میں اسماعیل کمیونٹی کو بھی برابری کے حقوق حاصل ہیں، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔
محمد شہباز شریف نے مزید کہا تعلیم کے میدان میں بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں، تعلیمی وظائف اور لیپ ٹاپ سکیموں میں پورے پاکستان کو شامل کیا گیا ہے ، بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی مکمل کوشش کی، تعلیمی وظائف بڑھائے ہیں تا کہ قابل طلبا آگے آ سکیں۔