انسانی حقوق کا عالمی دن حقوق اور اقدار کے تحفظ کی پاسداری ہے:شہباز شریف

انسانی حقوق کا عالمی دن حقوق اور اقدار کے تحفظ کی پاسداری ہے:شہباز شریف
کیپشن: International Human Rights Day is about protection of rights and values: Shahbaz Sharif

ایک نیوز:وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام میں کہنا تھا کہ 1948 میں اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنانے کے بعد  ہر برس 10 دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن اقوام عالم کو یاد دلاتا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور اقدار کے تحفظ کی پاسداری کریں،یہاں میں اس بات کا ذکر کرنا چاہتا ہوں کہ اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی حقوق کے اعلامیے کو اپنانے سے بہت پہلے ہمارے مقدس مذہب اسلام نے انسانی اقدار و حقوق کے اصولوں پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سال انسانی حقوق کے عالمی دن کا موضوع "ہمارے حقوق، ہمارا مستقبل، ابھی" ہماری روزمرہ کی زندگی میں انسانی حقوق کی اہمیت اور مطابقت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ ہے، ہما ر ے لیے یہ بات اطمینان بخش ہے کہ پاکستان کی جانب سے انسانی حقوق کے فروغ کے لیے کی گئی، قانون سازی، پالیسی اور اقدامات کو عالمی طور پر سراہا گیا ہے،حکومت پاکستان نے انسانی حقوق کے تحفظ کی قانون سازی کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خصوصاً معاشرے کے نسبتاً کمزور طبقات بشمول خواتین، بچے، بزرگ شہری، ٹرانس جینڈر افراد، اقلیتوں اور معذور افراد کے بنیادی حقوق جو پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 8-28 میں درج ہیں، انسانی حقوق کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک خود مختار قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، قومی کمیشن برائے اسٹیٹس آف ویمن، اور قومی کمیشن برائے حقوق اطفال قائم کیے گئے ہیں۔