ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پلاسٹک کے بڑے تھیلوں میں قدرتی گیس میں آگ لگنے سے 8 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
کرک کی تحصیل بانڈہ داؤ شاہ گاؤں عیسک خماری میں پلاسٹک بیگز میں گیس بھرنے کے دوران آگ بھڑکنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں 8 بچے زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرک 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچے۔ زخمی بچوں کو تحصیل پیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔بعض بچوں کی حالت تشویش ناک ہے جنہیں کوہاٹ اسپتال لے جایا گیا ہے۔
کے پی میں گھروں میں قدرتی گیس کی عدم فراہمی کے سبب لوگ سوئی ناردرن کی مین ڈسٹری بیوشن لائن میں سوراخوں سے وال لگا کر پلاسٹک کے تھیلوں میں گیس بھر کر گھر لے جاتے ہیں۔ چلتے پھرتے یہ بم بڑے حادثے کا سبب بن جاتے ہیں۔