ویب ڈیسک:چیئرمین واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) سجاد غنی نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا اور سائٹ پر ڈائی ورژن سسٹم کے ٹیسٹ رن کا جائزہ لیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیامر بھاشا ڈیم سائٹ پر گزشتہ ہفتے دریائے سندھ کا رُخ جزوی طور پر موڑا جاچکا ہے۔ دریائے سندھ کا بیشتر پانی ڈائی ورژن سسٹم جبکہ کچھ قدرتی راستے پر بہہ رہا ہے۔ منصوبے کا ڈائی ورژن سسٹم، ڈائی ورژن کینال، ڈائی ورژن ٹنل اور دو کوفر ڈیمز پر مشتمل ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ ٹیسٹ رن کے دوران پراجیکٹ کا ڈائی ورژن سسٹم مؤثر کام کر رہا ہے، دریا کا رُخ مکمل موڑنے کا سنگ میل آئندہ ہفتے حاصل کر لیا جائے گا۔مکمل رُخ موڑنے پر پانی ڈائی ورژن سسٹم سے گزرتا ہوا دوبارہ اپنے قدرتی راستے سے جا ملے گا۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی 13 سائٹس پر تعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے، جس کی تکمیل 2028ء میں شیڈول ہے۔
چیئرمین واپڈا کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ دیامر بھاشا ڈیم میں 8 اعشاریہ 1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا، ڈیم سے 4 ہزار 500 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی پیدا ہوگی۔