ایک نیوز نیوز:؍چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا کا کہنا ہے کہ ہمارے عوام کی توقعات پاکستان کرکٹ سے جڑی ہوتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیزراجا کاکہنا ہے کہ ہمارے عوام کی توقعات پاکستان کرکٹ سے جڑی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے پاس اپنا کوئی ذاتی اسٹیڈیم نہیں ہے۔برطانوی اسپورٹس چینل کو دیے گئے انٹرویو میں رمیز راجا نے کہا کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ ٹیم سے توقعات رکھتے ہیں، پرفارمنس نہ ہونے پر تنقید بھی ہوتی ہے۔پی سی بی چیئرمین کا کام پریشر والا ہے، اس کے لیے بہت حوصلے کی ضرورت ہے، ملک میں سیکیورٹی مسائل بھی دیکھنے ہوتے ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان میں موسم کا خیال بھی رکھنا پڑتا ہے کیونکہ یہاں موسم کافی خراب ہے، ان سب چیزوں کو مدنظر رکھ کر سیریز کا انعقاد کروانا ایک چیلنج ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ کو ٹیسٹ میچ کی طرف مائل کرنا بھی ایک بڑا چیلنج ہے، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے پاکستان کی میزبانی دیکھی ہے، اچھا لگا کہ دنیا کی بہترین ٹیمیں یہاں آئی۔ہم چاہتے ہیں شائقین اپنے اسٹارز کے درمیان ہوں نہ سیکیورٹی گارڈز وہاں ہوں، لیکن ابھی یہ ممکن نہیں، سیکیورٹی سے کرکٹ محفوظ ہے، اس لیے فی الحال سمجھوتا نہیں کریں گے۔
رمیز راجا کا مزید کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے اگلے 2 سال میں پاکستان میں سیریز کے لئے سیکیورٹی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔پی سی بی جب بھی کوئی غیر ملکی ٹیم پاکستان آتی ہے تو 20 لاکھ ڈالرز کا خرچہ بورڈ برداشت کرتا ہے، یہ تمام اخراجات ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سیکیورٹی پر ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے گزشتہ برس پاکستان کا ٹور کینسل کیا، جس کا دکھ ہوا تھا، یہی وجہ تھی کہ پی سی بی اور ای سی بی میں تب دوریاں بڑھ گئیں۔رمیز راجا نے کہا کہ ہمارے انگلینڈ کے ساتھ کافی پرانے تعلقات ہیں، ہم ایک جیسے ہی ہیں، ہمارے متعدد رشتہ داروں کا تعلق وہاں سے جڑا ہوا ہے، میرے بھائی کی بیوی بھی انگلش خاتون ہیں اور میرے بھتیجے بھی انگلینڈ رہتے ہیں۔