بنگلہ دیش میں اپوزیشن کا احتجاج، نئے انتخابات کا مطالبہ

Dec 10, 2022 | 20:34 PM

ایک نیوز نیوز: بنگلہ دیش کی مین اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے حامیوں نے ڈھاکا میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مظاہرین گلاب باغ اسپورٹس گراؤنڈ میں جمع ہوئے اور انہوں نے جلسے کے دوران شیخ حسینہ ووٹ چور ہے کےنعرے لگائے اور اس کے بعد ارد گرد کی گلیوں میں پھیل گئے۔

حزب اختلاف پارٹی ملک بھر میں گذشتہ کئی روز سے مظاہرے کر رہی ہے اور شیخ حسینہ سے استعفیٰ دینے اور نگراں حکومت کے تحت انتخابات کرانے کا مطالبہ کر رہی ہے، جسے وزیر اعظم نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ترجمان ظہیرالدین سواپن نے کہا کہ ان کا بنیادی مطالبہ شیخ حسینہ کا استعفیٰ، پارلیمنٹ کی تحلیل اور ایک غیر جانبدار نگران حکومت کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔

پارٹی ترجمان نے ریلی میں لاکھوں افراد کی شرکت کا دعوی کیا۔

احتجاج کے دوران پولیس نے شہر کے داخلی راستوں پر چوکیاں قائم کیں اور تقریباً 2 کروڑ لوگوں کی آبادی پر مشتمل شہر میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے ہوئے تھے۔

مزیدخبریں