ایک نیوز نیوز:ملتان ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 202 رنز بنالئے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹ پر 202 رنزبنالیے، مہمان ٹیم نے پاکستان کے خلاف 281 رنزکی مجموعی برتری حاصل کرلی۔ہیری بروک 74 اور بین اسٹوکس 16 رنزبناکر وکٹ پر موجود ہیں۔بین ڈکٹ 79، جوروٹ 21، اولی پوپ اور ول جیکس 4 ، 4 اور زیک کراؤلی 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 202 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ ابرار احمد کے گراؤنڈ میں ہونے کے باعث انگلش ٹیم دوسری اننگز کا آغاز کچھ خاص انداز میں نہ کرسکی۔ابرار احمد نے زیک کراولی کو 3 کے اسکور پر رن آؤٹ جبکہ ول جیکس کو 4 رنز پر بولڈ کیا۔پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی ابرار احمد نے انگلش بیٹرز کی ابتدائی وکٹیں حاصل کیں۔
ابرار احمد نے پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی جو روٹ کو آؤٹ کیا۔انگلینڈ کے 79 رنز پر ابرار احمد نے جو روٹ کو 21 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ پاکستان کے لیے ابرار احمد نے چوتھی وکٹ 149 رنز پر حاصل کی، انہوں نے بین ڈیکیٹ کو 79 رنز پر بولڈ کیا۔انگلینڈ کو پانچواں نقصان 155 رنز پر ہوا جب اولی پوپ 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
دوسرے دن کھیل کے آغاز قبل بابر اعظم اور سعود شکیل نے پہلی نامکمل اننگز 2 وکٹ 107 رنز سے دوبارہ شروع کی۔ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی پہلی وکٹ 35 رنز کے اضافے کے بعد گری جب کپتان بابر اعظم کو 75 رنز پر فاسٹ بولر رابنسن نے بولڈ کیا۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 158 رنز پر گری جب ٹیسٹ کیریئر کی دوسری نصف سنچری بنانے والے سعود شکیل کو جیک لیچ نے 63 رنز پر آؤٹ کیا۔انگلینڈ کے اسپن بولر جیک لیچ نے ہی پاکستان کی پانچویں اور چھٹی وکٹ حاصل کی، انہوں نے محمد رضوان کو 10 رنز پر بولڈ جبکہ محمد نواز کو ایک رن پر کیچ آؤٹ کرایا۔ پاکستان کی ساتویں اور آٹھویں وکٹ 169 رنز پر گری جب آغا سلمان 4 رنز اور محمد علی صفر پر جو روٹ کا شکار بنے۔قومی ٹیم کی نویں وکٹ 10 رنز کے اضافے کے بعد گری جو کہ مارک ووڈ نے حاصل کی، انہوں نے زاہد محمود کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ پاکستان کی آخری وکٹ مارک ووڈ نے حاصل کی، انہوں نے فہیم اشرف کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان کے عبداللّٰہ شفیق 14 اور امام الحق صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔