ریلوے نے چین سے46لگژری کوچزدرآمدکرلیں

ریلوے نے چین سے46لگژری کوچزدرآمدکرلیں
کیپشن: ریلوے نے چین سے46لگژری کوچزدرآمدکرلیں

ایک نیوز نیوز:آرام دہ صوفہ سیٹس، کوٹ ہینگر، موبائل چارجرز، پن چارجرز، ایمرجنسی و سٹڈی لائٹس، سامان کے لئے ریکس، مضبوط فولڈنگ سیٹس اس کوچز کا خاصہ ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان ریلوے نے جدت کو اپنا وطیرہ بنانے کا آغاز کر دیا ۔ پاکستان ریلوے نے چین سے 230 مسافر کوچز منگوانے کا آرڈر دیا جس کی کھیپ رواں ماہ پاکستان پہنچ گئی۔46 کوچز کو پاکستان میں موجود ریلوے ٹریک پر ٹرائل کی بنیاد پر چلایا جا رہا ہے جبکہ انہی کے ڈیزائن اور سہولیات کے مطابق باقی 184 کوچز اسلام آباد کی ورکشاپ میں بنائی جائیں گی۔ ریلوے کے ٹرین ایگزیمینر راحت حنیف کہتے ہیں کہ کوچز میں  کچرا پھینکنے کے لئے ڈسٹ بن، سیٹوں کے عقب میں ایل ای ڈی موجود ہو گی جبکہ سیٹیں رولنگ ہوں گی اور ان کا رخ تبدیل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی کو ایمرجنسی کی صورت میں روکنے کے لئے ہوا کا پریشر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ پاور فیل ہونے یا دستیاب نہ ہونے کی صورت میں اسٹینڈ بائی ہیوی یو پی ایس استعمال کئے جا سکتے ہیں، ائیر کنڈیشنر کوچز میں پنکھے بھی نصب ہیں جو گرمی زیادہ ہونے کی صورت میں استعمال کئے جا سکیں گے۔

۔ راحت حنیف کا کہنا تھا کہ کوچز میں کھانے کی سنٹرل میز، گلاس رکھنے کی جگہ کے علاوہ  واش روم میں کموڈ، شاور، ٹشوز، صابن، ہاتھ دھونے والا شیمپو، اور معذور افراد کے ہیلپنگ ہک بھی لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیپر کے ساتھ اٹیچ کچن میں چھوٹا ریفریجریٹر، اوون، چولہا اور دیگر ضروری اشیا بھی موجود ہیں جو سب محفوظ ہیں جبکہ آگ لگنے کی صورت میں میں ایمرجنسی ہیمر جگہ جگہ نصب ہیں۔ ٹرین ایگزیمینر راحت حنیف کہتے ہیں کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ یہ کوچز ریلوے مسافروں کے لئے بہترین اور آرام دہ سفر کی ضامن ہوں گی اور مسافروں کو ریلوے میں سفر کرنے پر فخر ہوگا۔ چین سے درآمد ہونے والی کوچز جلد ہی گرین لائن سمیت دیگر ٹرینوں سے منسلک ہو کر مسافروں کو محفوظ انداز میں ان کی منزل مقصود تک پہنچانا شروع کر دیں گی۔