ایک نیوز نیوز: طبی ماہرین کے مطابق یوگا کو باقاعدہ ورزش کا حصہ بنانے سے دل کی بیماریوں کو دور بھگایا جا سکتا ہے۔
کینیڈا کی لاول یونیورسٹی کے کوبیک ہارٹ اینڈ لنگ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر پال پائرییئراور ان کے ساتھیوں کی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ روزانہ 15 منٹ یوگا کرنا دل کی صحت کے لیے بہت مفید ہے۔ اس سے بلڈ پریشر کو نارمل رکھا جا سکتا ہے اور ذیابیطس کو بھی کنٹرول کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کئی معاملات میں یوگا ورزش سے زیادہ مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ یوگا کی آرام دہ حرکات کسی بھی جسمانی چوٹ سے محفوظ رکھتی ہیں۔ تاہم ضروری ہوتا ہے کہ یوگا کا یہ سلسلہ طویل عرصے تک جاری رکھا جائے تا کہ اس کے مثبت اثرات بھی طویل عرصے تک برقرار رہیں۔
تحقیق کےلئے مختلف عمروں کے 60 افراد کا انتخاب کیا گیا، جو بلڈ پریشر کے مریض تھے اور بلڈ پریشر کے علاوہ دیگر چھوٹی موٹی بیماریوں سے دوچار رہے تھے۔ ان کو موٹاپا بھی لاحق تھا اور ذیابیطس کے قریب پہنچ چکے تھے۔ ہرفرد کو تین ماہ تک ورزشی تربیت کے پروگرام سے گزارا گیا۔
ان افراد کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروہ کو باقاعدگی سے ماہر ٹرینر کی موجودگی میں یوگا کرایا گیا، اس کےبعد 30 منٹ کی ورزش کرائی گئی۔ دوسرے گروہ کو صرف جسمانی ورزش کرائی گئی اور یوگا نہ کرایا گیا۔
تمام افراد کے بلڈ پریشر، شوگراور دل کی صحت پر نظر رکھی گئی۔ تمام شرکا میں دل کے دورے کی پیشگوئی کرنے والے پیمانے آزمائے گئے اوردل کی دیگر بیماریوں کا خدشہ بھی نوٹ کیا گیا۔
ان میں سے جن افراد نے عام ورزش کے ساتھ یوگا کیا تھا ان میں دل کے دورے کے خطرے بننے والے تمام عوامل دیگر کے مقابلےمیں کم تھے۔
اسی بنا پر ماہرین نے کہا ہے کہ ورزش کے ساتھ ساتھ پٹھوں اور بدن کو کھینچنے والی ورزشیں ضرور کی جائیں جو کہ یوگا ہی کی ایک صورت ہیں۔