ایک نیوز نیوز: سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ سب کو الزامات کی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا، عمران خان سب پر الزامات لگاتے رہے آج ان پر بھی کیا کیا الزام نہیں لگ رہے، پی ٹی آئی ارکان مجھے پرائیویٹ میں مل کر کہتے ہیں یہ استعفے دباؤ میں دئیے۔
یہ جانتے ہوئے کہ انہوں نے پریشر میں استعفے دیے۔ ان کے استعفے کیسے قبول کر لوں، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کا سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ڈیفنس میں سینئر رہنما بیگم شمیم نیازی کی رہائش گاہ پہنچے۔ جہاں انہوں نے بیگم شمیم نیازی کی خیریت دریافت کی۔
جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں کٹھن حالات ہیں، ملک کو چیلنجز سے مل جل کر نکالنا ہوگا، یہ ملک کسی ایک جماعت یا ایک شخص کا نہیں سب کا ہے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آئے گا۔
سب جماعتوں کو یہ سوچنا چاہئے کہ دست و گریباں ہونے کی بجائے ملک کا سوچیں۔ گالی گلوچ سے معاملات خراب ہوسکتے ہیں ٹھیک نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیفالٹ جیسے الفاظ ادا کرنا بھی کفر ہے، پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا، ہم لوگ صرف الزامات لگاتے ہیں، الزامات کی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا، عمران خان نے سب پر بہت الزامات لگائے آج ان پر بھی کیا کیا الزام لگ رہے ہیں۔ مجھے پرائیویٹ میں آکر پی ٹی آئی کے ارکان آکر کہتے ہیں کہ ہم نے دباؤ میں استعفے دئیے تھے، جب مجھے معلومات ملیں کہ کسی پریشر میں کسی رکن نے استعفی دیا تو میں استعفی کیوں قبول کروں گا۔
اس موقع پر صوبائی پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی حسن مرتضی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پنجاب حکومت تبدیل ہو جائے مگر آئینی طریقے سے، اور اس پر ورکنگ بھی چل رہی ہے۔