ایک نیوز نیوز: ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے متعلق نیٹ فلکس کی نئی سیریز برطانیہ میں جمعرات کو 20 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے دیکھی۔
ریٹنگز کے مطابق ہیری اینڈ میگھن نامی اس شو کی پہلی قسط لانچ کے دن 24 لاکھ لوگوں نے دیکھی ہے۔
اکتوبر میں نیٹ فلکس اور ریٹنگز ادارے بارب کے درمیان معاہدے کے بعد سے یہ نیٹ فلکس کے لیے ایک دن کی سب سے بڑی آڈیئنس ہے۔
یہ ’دی کراؤن‘ نامی تازہ ترین سیریز کے پہلے دن کے اعداد و شمار سے دو گنا زیادہ ہے اور جمعرات کو بی بی سی ون کا پروگرام ایسٹ اینڈرز بھی اتنے ہی لوگوں نے دیکھا ہے۔
ڈیوک اور ڈچز کی اس چھ قسطوں پر مشتمل سیریز کی بےحد تشہیر کی گئی تھی اور اب اس کی تین قسطیں نیٹ فلکس پر دستیاب ہیں۔
پہلی قسط 24 لاکھ لوگوں نے، دوسری قسط 15 لاکھ لوگوں نے اور تیسری قسط آٹھ لاکھ لوگوں نے دیکھ لی ہے۔
اس کے مقابلے میں دی کراؤن کے پانچویں سیزن کی پہلی قسط اس کی لانچ کے دن 11 لاکھ لوگوں نے دیکھی تھی۔
’ہیری اینڈ میگھن‘ میں اس جوڑے اور ان کے دوستوں کے انٹرویوز اور ان کی ویڈیو ڈائری شامل ہے جس میں پریس کے ساتھ ان کے مشکل تعلق، میگھن کے متعلق نسل پرستانہ مضامین کی اشاعت پر شاہی خاندان کے ردِعمل اور دیگر موضوعات پر بات کی گئی ہے۔