ایک نیوز نیوز: پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد انسانوں کے مختلف طبقات میں مساوات اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کے زیراہتمام انسانی حقوق کا عالمی دن ہر سال منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد دنیا کے ہر امیر و غریب، کالے گورے اور کمتر و برتر انسان کو مساوی حقوق دینے سے متعلق شعور و آگہی کو اجاگر کرنا ہے۔
بین الاقوامی دن کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کے چارٹر برائے بنیادی انسانی حقوق میں واضح طور پر تحریر ہے کہ انسانی وقار سمیت کچھ انسانی حقوق کبھی چھینے نہیں جاسکتے۔ عزتِ نفس، آزادئ اظہارِ رائے، حقوقِ نسواں اور کاروبار کا حق بھی الگ اہمیت کا حامل ہے۔
ترقی پذیر و ترقی یافتہ ممالک سمیت دنیا بھر میں بے شمار مقامات پر انسانی حقوق کی پامالی جاری ہے جس پر اقوامِ متحدہ سمیت عالمی برادری خاموش نظر آتی ہے۔ مسئلۂ کشمیر و فلسطین سمیت دیگر اہم مسائل اقوامِ متحدہ میں حل طلب ہیں جن پر توجہ نہیں دی جارہی۔
جمہوری معاشروں میں خواتین کیلئے ووٹ کا حق، مردوں کے مساوی ملازمت کے مواقع، بچوں کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیم اور صحت کے شعبہ جات کا فروغ انسانی حقوق کیلئے اہمیت رکھتے ہیں۔