صحافیوں کیلئے بڑی خوشخبری،روڈا میں 700 کنال اراضی منظور

Dec 10, 2022 | 11:16 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صحافیوں کیلئے بڑے تحفے کا اعلان کرتے ہوئے لاہور میں صحافی کالونی فیز 2 کیلئے زمین الاٹ کرنے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے صدر لاہورپریس کلب اعظم چودھری اور سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس رانا محمد عظیم کی ملاقات ہوئی۔لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری اور جنرل سیکرٹری پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے صحافی کالونی فیزIIکے لئے 700کنال اراضی کی منظوری پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کاشکریہ ادا کیا۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ظفر نصر اللہ، ڈی جی ایل ڈی اے عامر خان، پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ اقبال چودھری او رڈی جی پی آر راؤ پرویز اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ روڈا ایریا میں صحافی کالونی فیز 2 بنایا جائے گا، صحافی کالونی فیز 2 سے صحافیوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے 700 کنال اراضی صحافیوں کیلئے مختص کرنے کی منظوری بھی دیدی ہے،پریس کلب کے ملازمین کو بھی 5، 5 مرلے کے پلاٹس دیے جائیں گے، ممبرشپ نہ رکھنے والے بیمار اور معذور صحافیوں کو بھی پلاٹس دینگے۔ وفات پاجانے والے صحافیوں کی فیملیز کو بھی پلاٹس دینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ بی بلاک کے متاثرین کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے گا، بی بلاک کےمتاثرین کوان کاحق لوٹائیں گے۔

رانامحمد عظیم نے کہا کہ آپ کایہ اقدام صحافی ہمیشہ پہلے کی طرح یاد رکھیں گے،چودھری پرویزالٰہی نے فیزIIکے لئے اراضی 500کنال سے بڑھا کر 700کنال کرکے صحافی برادری کے دل جیت لئے ہیں،چودھری پرویزالٰہی کے اس فیصلے سے تمام صحافیوں کے لئے اپنی چھت کاخواب حقیقت میں بدلے گا۔چودھر ی پرویز الٰہی کے صحافیوں کی فلاح کے لئے تاریخ ساز اقدامات کبھی نہیں بھول سکتے،چودھری پرویزالٰہی پوری صحافی برادری کے محسن ہیں،صحافیوں کے لئے اپنی چھت کا خواب آپ نے پورا کیاہے۔

مزیدخبریں