بلوچستان: 3 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا میدان کل سجے گا

Dec 10, 2022 | 10:59 AM

ایک نیوز نیوز: بلوچستان کے 3 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا میدان کل سجے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق لسبیلہ، حب اور حرمزئی پشین میں کل صبح 8 سے شام 5 تک بلاتعطل پولنگ جاری رہے گی۔ لسبیلہ کی 2 میونسپل کمیٹیز اور 20 یونین کونسلز میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ یہاں بننے والے 146 وارڈز میں سے 27 میں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ 

لسبیلہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 703 ہے۔ جن میں سے مرد ووٹرز 76 ہزار 698 اور خواتین ووٹرز 60 ہزار کے لگ بھگ ہیں۔ لسبیلہ میں 365 امیدوار کے درمیان مقابلہ ہے۔ لسبیلہ میں 133 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 119 مشترکہ جبکہ باقی مرد اور خواتین کیلئے علیحدہ بنائے گئے ہیں۔ لسبیلہ کے 9 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 42 حساس قرار پائے ہیں۔ 

حب میونسپل کارپوریشن، 3 میونسپل کمیٹیز وندر، دریجی اور گڈانی کی 12 یوسیز کے 138 وارڈز میں انتخاب ہوگا۔ جن میں سے 31 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ 107 وارڈز میں انتخاب کل ہوگا۔ 

حب میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 35 ہزار 620 ہے۔ جس میں سے مرد ووٹرز 76 ہزار 538 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 59 ہزار 82 ہے۔ حب میں 126 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ جن میں سے 102 مشترکہ جبکہ 12 خواتین اور مردوں کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔ یہاں 425 امیدوار مدمقابل ہیں۔ حب کے 32 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 63 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ 

پشین حرمزئی کے 14 وارڈز میں بھی پولنگ کل ہوگی۔ 2 وارڈز میں بلامقابلہ منتخب ہونے کے بعد 12 وارڈز میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 10 ہزار 890 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 6 ہزار 151 مرد اور 4 ہزار 739 خواتین ووٹرز ہیں۔ یہاں پر 79 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ پشین میں 13 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں اور یہ تمام سٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ 

دوسری جانب بلوچستان کے 32 اضلاع کی میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں اور یونین کونسلوں کی مخصوص نشستوں کے انتخابات کیلئے پولنگ 14 دسمبر کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں انتخابات کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ پریزائیڈنگ آفیسرز کو انتخابی سامان 13 دسمبر کو حوالے کیا جائے گا۔

مجموعی طور پر 1512 مخصوص نشستوں کیلئے انتخابات ہوں گے، جن میں خواتین کی 516، کسان کی 474، مزدوروں کی 481 اور غیرمسلم کی 41 مخصوص نشستوں کے انتخابات کیلئے پہلے مرحلے میں کامیاب ہونے والے جنرل ممبران الیکٹورل کالج ہیں۔

بلوچستان کے 32 اضلاع میں مخصوص نشستوں کے انتخابات کیلئے مجموعی طور پر 610 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں