تاریخوں والے ڈرامے چھوڑیں، اسمبلی توڑیں، ہم تیار ہیں، راناثناءاللہ

تاریخوں والے ڈرامے چھوڑیں، اسمبلی توڑیں، ہم تیار ہیں، راناثناءاللہ
کیپشن: Quit the dated dramas, dissolve the assembly, we are ready, Ranasanaullah

ایک نیوز نیوز: وفاقی وزیرداخلہ راناثناءاللہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بڑا چیلنج کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں وفاقی وزیرداخلہ راناثناءاللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پچھلے 7 ماہ سے حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں۔ یہ شخص ذاتی انا کیلئے ملک کا بیڑا غرق کرنے میں لگا ہوا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کیا۔ ڈیلی میل نے شہزاد اکبر کے کہنے پر غلطی کی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اقتدار عمران خان کے پاس ہو تو سب ٹھیک اور اگر نہ ہو تو سب غلط۔ ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں۔ اگرکیس ختم ہورہے ہیں تو ہمارے ساتھ انصاف ہورہا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ ڈیلی میل نے شہباز شریف سے معافی مانگی، اپنی غلطی تسلیم کی۔ حقیقت میں معافی شہزاد اکبر اور عمران خان کو قوم سے مانگنی چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ان کی رسیدیں بھی جعلی ثابت ہوئی ہیں۔ جب یہ مقدمے بنا رہا تھا اس وقت خود اس قسم کی کرپشن میں ملوث تھا۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ نواز شریف سے پارٹی نے درخواست کی ہے کہ وہ انتخابی مہم میں پاکستان میں موجود ہوں۔ نواز شریف واپس آکر پارٹی کو لیڈ کریں گے۔ اعظم سواتی نے اداروں کو بدنام کیا، ان کیخلاف کیسز سیاسی انتقام نہیں۔ 

رانا ثناءاللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ تاریخیں دینے والے ڈرامے چھوڑیں، اسمبلی توڑیں، ہم تیار ہیں۔