اصلاحات کے بغیر انتخابات سے ماضی کی طرح بے یقینی پیدا ہوگی:سراج الحق

Dec 10, 2022 | 09:03 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقاء جمہوری نظام سے وابستہ ہے، الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات ناگزیر ہیں ا س کے بغیر انتخابات کرائے گئے تو ماضی کی طرح بے یقینی پیدا ہوگی، تمام جماعتیں انتخابی اصلاحات پر بات چیت کریں کیونکہ ایک خوشحال اور اسلامی پاکستان کے لیے آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری استحکام انتہائی ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جمعہ کو کراچی آمد کے موقع پر ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمان، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، جنرل سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان، نائب امرا کراچی محمد اسحاق خان، راجا عارف سلطان، ڈپٹی سیکریٹری کراچی عبد الرزاق خان، یونس بارائی، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ  حکومت گوادر کے عوام سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنائے،اگر ملک بچانا ہے تو بلوچستان کے مسائل حل اور وہاں کے لوگوں کو ان کے آئینی حقوق دینے ہوں گے،وفاقی وصوبائی حکومت نے وعدے تو بہت کیے لیکن بلوچستان کے مسائل حل نہیں کیے،بلوچستان کے عوام میں ایک لاوا پک رہا ہے جو کسی وقت بھی آتش فشاں بن کر پھٹ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے،اسے خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کے لیے بااختیار میئر شہری حکومت کی ضرور ت ہے،ایک بااختیار شہری حکومت ہی کراچی کے مسائل حل کرسکتی ہے،کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، گلی،کوچوں میں غلاظت کے ڈھیر نظر آرہے ہیں اورعوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔کراچی میں بلدیاتی انتخابات 3بار ملتوی ہوچکے ہیں،امید ہے کہ الیکشن کمیشن 15جنوری کو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے گا۔

مزیدخبریں