مہنگائی حکمرانوں کے قابو میں نہیں آئے گی،شوکت ترین 

مہنگائی حکمرانوں کے قابو میں نہیں آئے گی،شوکت ترین 
کیپشن: مہنگائی حکمرانوں کے قابو میں نہیں آئے گی،شوکت ترین 

ایک نیوز نیوز:سابق وزیرخزانہ وسینیٹرشوکت ترین کاکہنا ہے کہ معجزے کی نہیں اقدامات کی ضرورت ہے،حکمران بہانہ بنا کر فرار کی کوشش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق  شوکت ترین کا کہنا تھا کہ  موجودہ حکومت اندر سے بہت پریشان ہے ،ان کے پاس جان چھڑانے کا کوئی  آپشن موجود نہیں۔  یہ  کوشش کر رہے ہیں کہ کسی طرح مہنگائی میں کچھ کمی آئے تو ہی یہ الیکشن کی طرف جائیں۔اگر مہنگائی کنٹرول نہ ہوئی تو پھر یہ کوئی نہ کوئی بہانہ کر کے بھاگنے کی کوشش کرینگے ۔ حکمران کسی اور کو ٹوپی پہنا کر خود کھسکنا چاہتے ہیں۔ یہ سوچ رہے ہیں کہ کوئی معجزہ ہو اور مہنگائی کم ہو جائے مگر اس مقصد کیلئے معجزے کی نہیں اقدامات کی ضرورت ہے ۔ 

 شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث آیا ۔ان کے پاس کوئی منصوبہ بندی تھی ہی نہیں، مہنگائی کی شرح  30 فیصد تک چلی گئی ہے۔ دوست ممالک بھی دیکھ رہے ہیں کہ موجودہ حکومت ضمنی انتخاب ہار رہی ہے ۔ تکنیکی طور پر ہم ڈیفالٹ تو کر چکے ہیں۔ ایل سیز نہیں کھل رہیں ، گورنر سٹیٹ بینک نے درست کہا کہ قرضوں میں ہم ڈیفالٹ نہیں کرینگے مگر امید ہے کہ دوست ممالک  مزید قرض دینگے ۔