ایک نیوز:چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے جنہوں نے پاکستان بنایا تھا ان کی اولادیں ہی اس ملک کو بچا اور چلا سکتی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے قومی شجر کاری کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم ایسے شہر کا حصہ ہیں جس نے پورے ملک کی خوشحالی، ترقی کا بیڑا اُٹھایا ہوا ہے،یہ شہر پورے ملک کے بجٹ کا 65 فیصد حصہ دیتا ہے،اس شہر کی ذمہ داری کی بدولت پورے ملک کی سرکار کی تنخواہیں دی جاتی ہیں،اس شہر کی بدولت ملک کے حکمران پلتے ہیں مگر پلٹ کر دیکھتے نہیں ہیں، آج بھی اس شہر کراچی کی گونج سے لوگ پریشان ہیں،اس شہر ان کی اولادوں کا ہے جنہوں نے ملک کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑا تھا۔
انہوں نے کہا جب تک خوشحالی کراچی میں سر جھکا کر داخل نہیں ہوتی پورے پاکستان میں کہیں نہیں پہنچتی،ساڑھے 3کروڑ سے زائد نفوس کا یہ شہر اگر گن لیا جائے تو یہ دنیا کا سب سے بڑا شہر ہے،سب جانتے ہیں پورا ہندوستان اُجڑا تھا تو کراچی آباد ہوا تھا،جنہوں نے پاکستان بنایا تھا ان کی اولادیں ہی اس ملک کو بچا اور چلا سکتی ہیں،ایم کیو ایم کے علاوہ اس ملک کے پاس اور کوئی آپشن نہیں بچا ہے ۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا اس شہر کی دیواروں کو رنگین تو کئی بار کیا گیا مگر اسے سرسبز بنانے کی کوشش کبھی نہیں کی گئی،قومی شجر کاری ایم کیو ایم کی ہمت اور ہمدردوں کے تعاون کا نتیجہ ہے،یہ شادابی اور سبزہ ہی پاکستان کی امید اور یقین ہے،ہم افواہوں کا پیچھا نہیں کرتے۔
ان کا مزید کہنا تھا گورنر ایم کیو ایم کا ہے، گورنر سندھ کے حوالے سے اگر فیصلہ ہونا ہے تو ایم کیو ایم سے مشاورت کے بغیر نہیں ہوگا،بانی پی ٹی آئی یا کسی سے بھی مذاکرات کیلئے جانا چاہئے یہی واحد راستہ ہے،جماعت اسلامی کا دھرنا کامیاب ہوگیا ہے اور مزید بجلی مہنگی ہوگئی ہے،یہ واحد دھرنا تھا بجلی مزید مہنگی کروا کر ختم ہوا۔