کسی کے پاس اختیار نہیں کہ وہ فیصلوں کو غلط یا صحیح کہے، جسٹس منصور علی شاہ

Aug 10, 2024 | 18:31 PM

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ کسی کے پاس اختیار نہیں کہ وہ فیصلوں کو غلط یا صحیح کے۔ 

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے اسلام آباد میں ’عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد میں درپیش چیلنجز پر قابو پانے‘ کے عنوان سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ   سپریم کورٹ نے فیصلہ کرلیا تو اس پر عملدرآمد ہونا چاہیے، یہ نہیں ہوسکتا سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہو، اگر اس طرف چل پڑے تو آئینی توازن بگڑ جائے گا۔

مجھے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کہا گیا جو درست نہیں، میں سینئر ترین جج ہوں قائم مقام چیف جسٹس نہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ میرے دوست اور چیف جسٹس پاکستان ہیں، میں سینئر ترین جج ہی ٹھیک ہوں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ تندرست اور توانا ہیں اللہ پاک صحت دے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر بالکل عمل درآمد ہوتا ہے، ایسا کبھی نہیں ہوسکتا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہو، یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی، اگر ایسا سوچا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد روایت نہیں بلکہ لازمی تقاضا ہے اور سپریم کورٹ کو یہ اتھارٹی کہیں اور سے نہیں بلکہ آئین سے حاصل ہوتی ہے، آئین کہتا ہے کہ یہ فیصلہ ہے اور اس پر عملدرآمد ہونا ہے، اور یہی طریقہ ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی نیا نظام لانا چاہتے ہیں تو بنالیں، معاملات اس طرح نہیں چلیں گے، یا پھر سارا اسٹرکچر تبدیل کردیں کچھ اور بنالیں، لیکن اس وقت جو آئین ہے اور اس کا جو اسٹرکچر ہے اس کے مطابق تو یہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق اس فیصلے کی عزت بھی کرنا ضروری ہے، اور یہ ہماری ذمہ داری ہے، کسی کے پاس چوائس نہیں ہے کہ وہ اس کو جج کرے کہ یہ فیصلہ ٹھیک ہے یا نہیں، یہ اختیار صرف اور صرف سپریم کورٹ کے پاس ہے کہ اس نے جو فیصلہ کرلیا، اس کو تسلیم کرنا ہوگا، اور یہ اس ملک کا سسٹم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرتے تو اس کے نتائج بھی ہیں، اگر اس پر عمل نہ کیا جائے، اور یہ میں اس لیے کہہ رہا ہوں کہ ہم نے دیکھا ایک فیصلہ چل رہا ہے لیکن کافی وقت گزرنے کے باوجود اس پر عمل نہیں ہورہا ہے، لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ 

مزیدخبریں