ایک نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ نےبشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا، حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر سے اعتراضات دور کیے جاتے ہیں، درخواست گزار وکیل کے مطابق یہ درخواست دیگر دو درخواستوں کے ساتھ لاینحل طور پر منسلک ہے۔
اسی ریفرنس میں کال اپ نوٹسز کے خلاف دو درخواستیں پہلے سے زیر سماعت ہیں، اس درخواست میں نیب کی جانب سے متواتر گرفتاری کو چیلنج کیا گیا ہے،وکیل کے مطابق اس درخواست اور دیگر دو درخواستوں میں ایک جیسے حقائق و قانونی نکات زیر غور ہیں،عدالت وکیل کی آراء سے متفق ہوتے ہوئے سمجھتی ہے کہ اس درخواست کو بھی دیگر دو درخواستوں کے ساتھ سنا جائے۔
درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کیلئے رجسٹرار آفس اس درخواست کی فائل چیف جسٹس کو بھجوائے، درخواست گزار وکیل کے مطابق گرفتاری کا معاملہ فوری حل کا متقاضی ہے، چیف جسٹس درخواستوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کر سکتے ہیں۔