ایک نیوز: پیرس اولمپکس 2024میں پاکستان کیلئےتاریخ رقم کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنادیا گیا۔
پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلے میں میڈلز جیتنے والوں کی تقریب گذشتہ رات منعقد ہوئی،تقریب میں گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو برانز میڈل بھارت کے نیرج چوپڑا کو سلور میڈل دیا گیاجبکہ اس موقع پر پاکستان کے لیے تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنایا گیا۔
تقریب میں گولڈ میڈل کے بعد پاکستانی پرچم بلند کیا گیا اور قومی ترانہ بجایا گیا،اس موقع پر ارشد ندیم کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
بعد ازاں اولمپک ہیروارشدندیم کی پیرس میں پاکستانی سفارتخانے آمد ہوئی،ارشدندیم کا ڈھول کی تھاپ پراستقبال کیا گیا ، پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعدادارشدندیم کومبارکباددینے سفارتخانے پہنچی ، پاکستانی کمیونٹی نے ارشدندیم کی کامیابی پرخوشی کا اظہارکیا۔
خیال رہے کہ گولڈمیڈلسٹ ارشد ندیم آج رات ایک بجے پاکستان پہنچیں گے، ارشد ندیم پیرس سے براستہ ترکی ہفتے کی رات ایک بجے لاہور پہنچیں گے،پی او اے اور ایتھلیٹکس فیڈریشن سمیت حکومتی ادارے قومی ہیرو ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔