نگران وزیراعلیٰ نے نااہلی، ناقص کارکردگی پر ایم ایس جنرل ہسپتال کو عہدے سے ہٹادیا

نگران وزیراعلیٰ نے نااہلی، ناقص کارکردگی پر ایم ایس جنرل ہسپتال کو عہدے سے ہٹادیا
کیپشن: Caretaker CM removed MS General Hospital for incompetence and poor performance

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جناح ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور نااہلی اور ناقص انتظامات پر ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر خالد بن اسلم کو عہدے سے ہٹادیا۔ 

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ جنرل ہسپتال کے اچانک دورے پر پہنچے تو بیشتر وارڈز کے اے سی بند پائے گئے۔ جس پر محسن نقوی نے اظہار برہمی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس صاحب بتائیں کیسے مریض اور ڈاکٹرز یہاں رہ سکتے ہیں؟ 

نگران وزیراعلیٰ نے استفسار کیا کہ ہسپتال کے سٹورز میں ائیرکنڈیشنرز کی گیس موجود ہےلیکن اسے اے سی چلانے کے لیے استعمال کیوں نہیں کیا جارہا ؟ بچہ وارڈ میں وزیر اعلی نے خراب اے سی فوری ٹھیک کرنے کا حکم دیا۔ 

اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ ننھے بچوں کو شدید گرمی میں تکلیف دے رہے ہیں۔ انہوں نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ جنرل ہسپتال کی صورتحال ٹھیک کرنے کیلئے فوری ماسٹر پلان دیں۔ 

نگران وزیراعلیٰ نے ایم ایس کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ روز ایمرجنسی کا چکر لگائیں تو ہسپتال کے حالات خراب نہ ہوں۔ ہسپتال میں ایک دن کا کام ہفتوں نہیں کروایا جاتا۔

وزیر اعلی محسن نقوی سے اوکاڑہ سے آئی غریب مریضہ کی ملاقات:

محسن نقوی سے اوکاڑہ سے آئی غریب مریضہ نے ملاقات کی۔ مریضہ کے بیٹے نے بتایا کہ 22 دن سے ہسپتال داخل کیا ہے لیکن ڈاکٹر آپریشن نہیں کررہے۔ مریضہ کے بیٹے نے نگران وزیراعلیٰ کے سامنے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ ان سے 50 ہزار روپے وصول کیے گئے ہیں لیکن علاج ابھی تک نہیں کیا گیا۔ 

محسن نقوی نے مریض کا فوری علاج کروا کر انہیں رپورٹ دینے کا حکم دیدیا۔ 

نگران وزیراعلیٰ نے اینٹوں پر رکھے بیڈز کا نوٹس لے لیا:

جنرل اسپتال میں مریضوں کے بیڈ اینٹوں پر کھڑے ہونے پر وزیراعلیٰ نے اظہار برہمی کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریض کسی بھی وقت گر کر مزید زخمی ہوسکتے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ فوری طور پر ہسپتال کے ٹوٹے بیڈز تبدیل کریں۔