امریکا: جنگل کی آگ بےقابو، تاریخی قصبہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا

Aug 10, 2023 | 15:06 PM

ایک نیوز: امریکا میں ایک مرتبہ پھر جنگل کی آگ بے قابو ہوگئی ہے۔ بھیانک آگ نےریاست ہوائی کے تاریخی قصبے لوہیانہ کا وجود صفحہ ہستی سے مٹا دیا ہے۔ اب تک کی رپورٹ کے مطابق 53 افراد بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ جبکہ 271 عمارتیں مکمل راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق ہوائی ریاست کے جنگلات کی بے قابو آگ نے بے تحاشا تباہی مچا دی۔ جس کی وجہ سے لوہیانہ کا تاریخی قصبہ مکمل تباہ ہوچکاہے جبکہ سیاحوں کو ایمرجنسی میں نکالا جارہا ہے۔ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔ سطح سمندر پر انسانی لاشیں تیر رہی ہیں۔

ماوی کے مئیر رچرڈ بائیسن کے مطابق  علاقے میں کروڑوں ڈالر کی تباہی ہوئی ہے اور سینکڑوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ جگہ جگہ لگی آگ اور جلی ہوئی گاڑیوں سے لگتا ہے کہ یہ کسی جنگ زدہ علاقے کا منظر ہے۔ 

ہوائی کے گورنر جوش گرین نے خبردار کیا ہے کہ امدادی مراکز میں جگہ کم پڑ گئی ہے۔ انہوں نے وفاق سے مدد کی اپیل کی ہے۔ 

یاد رہے کہ 2 ہزار سے زائد سیاحوں کی جانیں بچاکر بھی انہیں امدادی مراکز میں منتقل کیا گیا ہے۔ علاقے میں بجلی ، انٹرنیٹ ، لینڈلائن اور موبائل فون کی سروسز معطل ہیں۔

ریاست ہوائی کے سیاحتی اور معاشی حب ماؤوی کے جنگلات میں سمندری طوفان ڈورا کے باعث چلنے والی ہواؤں کی وجہ سےآگ نے بڑے پیمانے پر نقصان کیا ہے۔ کاؤنٹی ماؤوی میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوچکا۔ 

آگ لگنے کے باعث 29 بجلی کے کھمبے گر گئے جنگلات میں آگ سےکئی املاک مکمل تباہ ہوگئیں۔ قریبی علاقوں کو خالی کرالیاگیا، لوگوں کی نقل مکانی بھی شروع ہوگئی۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مزیدخبریں