محسن نقوی کا شہریوں کو ایف آئی آر بذریعہ ای میل بھجوانے کا حکم

محسن نقوی کی شہریوں کو ایف آئی آر بذریعہ ای میل بھجوانے کا حکم
کیپشن: محسن نقوی کی شہریوں کو ایف آئی آر بذریعہ ای میل بھجوانے کا حکم

ایک نیوز: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے تھانہ گلبرگ اور لبرٹی کا دورہ کیا ہے۔ جہاں انہوں ںے فرنٹ ڈیسک پر سائلین کی درخواستوں پر پیشرفت کاجائزہ لیا اور سائلین سے بات چیت کی۔ 

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے درخواستوں پرمزید کارروائی کو مقررہ مدت کے اندر یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹے گزرجانے کے باوجود بعض درخواستوں پر کارروائی نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کردیا۔ 

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ سائلین کو ایف آئی آر کے اندراج کا میسج ملنے کے ساتھ ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیاجائے۔ ای میل کے ساتھ ایف آئی آر بھی بھجوائی جائے تاکہ درخواست گزار کو بار بار تھانے کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ 

تھانے آنے والے جوڑے نے قذافی سٹیڈیم میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے رشوت لینے کی شکایت کی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو رشوت لینے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔  

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے روزنامچہ، مال خانے، انویسٹی گیشن ونگ اور گلبرگ ٹریفک سیکٹر کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے اینٹی کار لفٹنگ سیل کا وزٹ کیا اور حوالات میں موجود ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے پوچھا۔ 

محسن نقوی نے مال خانے کی ابتر حالت پر ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ تھانے کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے جاری کام کو جلد مکمل کیاجائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر آٹومیٹڈ ٹوکن مشین کا بھی معائنہ کیا اور خود فون نمبر درج کر کے ٹوکن نمبر لیا۔

محسن نقوی کا گنگارام ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں بجلی بندش واقعہ کا نوٹس:

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گنگا رام ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں بجلی کی بندش کے واقعہ کا نوٹس لےلیا ہے۔ 

انہوں نے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم اور سیکرٹری صحت علی جان کو انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔ 

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپریشن تھیٹر میں بجلی کی بندش اور متبادل نظام کے فنکشنل نہ ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔

نگران وزیراعلی محسن نقوی کی ہدایت پر انکوائری ٹیم گنگا رام ہسپتال پہنچ گئی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا جنرل ہسپتال کا اچانک دورہ:

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جنرل ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کے ہمراہ سیکریٹری ہیلتھ بھی موجود تھے۔ 

انہوں نے جنرل ہسپتال کے وارڈز کا بھی معائنہ کیا۔ ہسپتال میں آئے مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج کی سہولیات کے بارے میں پوچھا۔

جنرل ہسپتال میں مریضوں کے لواحقین نے شکایات کے انبار لگادیے۔ جس پر نگران وزیراعلیٰ نے سخت اظہار برہمی کیا۔